• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت، PTI مصالحت کی حتمی کوششیں، اسحاق ڈار کی صدر سے تیسری ملاقات، دونوں بیٹھیں، عارف علوی، عمران راضی ہوں تو وزیراعظم سے خود بات کروں گا، شجاعت

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ‘ایجنسیاں) حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان مصالحت کی حتمی کوششیں شروع ہوگئیں اور اسی سلسلے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت عارف علوی سے چندروز کے دوران تیسری ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے‘استعفے دینے اور سیاسی و اقتصادی معاملات پر گفتگو ہوئی ۔ ملاقات میں ملک بھر میں بازار شام 6 بجے بند کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس کے علاوہ عام انتخابات اور درآمدی بل کم کرنے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے تعاون پر بھی بات چیت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد اور سیاسی استحکام کے لیے بھی اپوزیشن سے تعاون مانگا۔ادھر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سیاست دانوں کے رابطے سے معیشت کو نقصان سے بچایا جاسکتا ہے، عمران خان بات کرنے کیلئے راضی ہوں تو خود وزیر اعظم سے بات کروں گا۔ نیوزایجنسیوں کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آج شام ساڑھے چار بجے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ۔ اجلاس میں سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، جے آئی ٹی کے معاملے پر مشاورت ہو گی۔ شہباز شریف اتحادی جماعتوں کے وزرا سے اہم امور پر بھی بات چیت کریں گے۔ادھر تحریک انصاف اسمبلیاں توڑنے کے حوالے سے بدھ کو بھی حتمی فیصلہ نہ کرسکی ‘عمران خان اسی ماہ اسمبلیاں تحلیل کرنے پر بضد ہیں جبکہ شاہ محمودکا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین چند روز میں پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیںجس کا وہ اعلان کر دیں گے ۔زمان پارک لاہور میں پارٹی رہنماؤں کی بیٹھک کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود کا کہنا تھا کہ صدر علوی نے اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی کہ فاصلے کم اور ہم آگے بڑھ سکیں لیکن پیش رفت نہ ہوسکی اور معاملہ جوں کا توں رہا‘میٹنگ میں سب کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید