کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی حکومتیں چھوڑ کر رسک لے رہی ہے
ماہر برطانوی قوانین بیرسٹر راشد اسلم نے کہا کہ ڈیلی میل کا صرف ایک الزام غلط ہوتا تو وہ صرف اس حصے کو حذف کردیتا پورا آرٹیکل نہیں ہٹاتا.
نمائندہ دی نیوز مہتاب حیدر نے کہا کہ وزارت خزانہ آئی ایم ایف قسط کی جلد بحالی کیلئے بہت پرامید ہے، وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی حکومتیں چھوڑ کر رسک لے رہی ہے، یہ ہمارے لیے ون ون سچویشن ہے.
ایاز صادق نے پنجاب میں ضمنی الیکشن کی شفافیت پر بھی سوال اٹھادیا، مونس الٰہی کے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق بیان کے بعد ہمیں شک ہوتا ہے کہ پنجاب کی بیس نشستوں پر جو ضمنی انتخاب ہوا وہ شفاف تھا یا نہیں تھا۔
ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں تحلیل کریں ہمارے پاس اس سے اچھا موقع نہیں ہے.
حکومتوں کی تحلیل کے بعد عمران خان کے پاس بیساکھیاں نہیں رہیں گی، دونوں صوبوں میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کروادیں گے، تحریک انصاف اپنی حکومتیں چھوڑ کر رسک لینے جارہی ہے یہ ہمارے لیے ون ون سچویشن ہے، اب پہلے والے حالات نہیں الیکشن میں جانا ہمارے لیے سودمند ہوگا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جن بیس نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا وہ ن لیگ کی نشستیں نہیں تھیں، یہ پی ٹی آئی کی نشستیں تھیں جہاں وہ اپنی پانچ نشستیں کھوبیٹھی، مونس الٰہی کے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق بیان کے بعد ہمیں شک ہوتا ہے کہ پنجاب کی بیس نشستوں پر جو ضمنی انتخاب ہوا وہ شفاف تھا یا نہیں تھا،ضمنی انتخابات میں جن یونین کونسلوں میں پی ٹی آئی کے دفاتر نہیں تھے وہاں بھی وہ جیت گئے جس پر ہمیں اچنبھا ہوا تھا۔
ایاز صادق نے کہا کہ ن لیگ کی انتخابی مہم نواز شریف لیڈ کریں گے مریم نواز بھی ساتھ ہوں گی، الیکشن میں پی ٹی آئی کیلئے ایسی راہ ہموار نہیں ہوگی جیسی 2018ء میں تھی۔