ریاض(نیوز ڈیسک)چین کے صدر شی جن پنگ نے دورۂ سعودی عرب کے دوران اپنے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے بھی اہم ملاقات کی اور اپنی حمایت کا یقین دلایا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ جو ان دنوں سعودی عرب کے تاریخی دورے پر ہیں، دارالحکومت ریاض میں فلسطین اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے اہم ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں سیاحتی تعاون کا معاہدہ ہوا۔ اسی طرح معیشت، تجارت اور تکنیکی تعاون سمیت آزاد تجارتی معاہدے کیلئے مذاکرات کے دو سیشن بھی ہوئے۔چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور خطے میں عالمی یا علاقائی صورتحال میں جو تبدیلی بھی رونما ہو اس سے قطع نظر فلسطین کی حمایت جاری رکھیں گے۔صدر شی جن پنگ نے مزید کہا کہ فلسطین کے ساتھ دو طرفہ تعلق گزشتہ 5دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ فلسطینی مہاجرین کو بڑی تعداد میں کورونا اور دیگر ویکسینز فراہم کی ہیں اور فلسطین کی معیشت اور عوام کی بہبود کے لیے ہر ممکن مدد کریں گے۔فلسطین کے صدر محمود عباس نے چینی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین ہمارا پرخلوص اور قابل اعتماد دوست ہے اور اس نے ہمیشہ سیاسی معاشی، اخلاقی اور دیگر محاذوں پر فلسطین کی غیر مشروط حمایت کی ہے۔صدر محمود عباس نے چین کے معاشی راہداری کے پراجیکٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دیگر شعبوں میں بھی تعاون جاری رکھیں گے۔ فلسطینی عوام کو چین کے ساتھ گہرے دوستانہ تعلقات پر فخر ہے۔