لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے ٹرائیکا نے قوم کو دلفریب نعروں سے دھوکہ دیا۔ تینوں حکمران جماعتیں اسی سٹیٹس کو کی محافظ ہیں جسے توڑے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ حکمرانوں نے سیلاب زدگان کے فنڈز سے لے کر توشہ خانہ تک پر ہاتھ صاف کیے۔ گرین کارڈ ہولڈرز اشرافیہ مشکل وقت میں عوام کے ساتھ نہیں ہوتی، ان کی اولادیں اور جائیدادیں ملک سے باہر ہیں، یہ صرف یہاں اقتدار کیلئے رہتے ہیں۔ کوئی ملک کو’’ایشین ٹائیگر‘‘ بنانے تو دوسرا’’روٹی کپڑا اور مکان‘‘ کا نعرہ لے کر آیا، کوئی ’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ تو کوئی’’ تبدیلی‘‘ کے نام پر عوام سے جھوٹ بولتا رہا۔ قوم کیلئے فیصلہ کن لمحات ہیں، لوگوں کو سوچنا ہو گا کہ اسی گھسے پٹے نظام کے ساتھ رہنا ہے یا کلین، گرین اور کرپشن فری پاکستان بنانا ہے۔ شریعت کے بغیر تمام تجربات ناکام ہو گئے، قوم نے مارشل لا کی حکومتیں بھی دیکھیں اور نام نہاد جمہوری ادوار کو بھی آزما لیا، کامیابی و کامران اسی نظام میں ہے جو سردارِ کائنات اس دنیا میں لے کر آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر ضلع لاہور ضیا الدین انصاری ، ملک شاہد اسلم اور ذکر اللہ مجاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثنا سراج الحق سے افغانستان کے وزیر برائے سوشل ویلفیئر و منصوبہ بندی الحاج محب اللہ نے مرکز الاسلامی پشاور میں ملاقات کی۔