• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر کی کارروائیاں، گیارہ لاکھ کلو تمباکو ضبط

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر کی کارروائیاں، گیارہ لاکھ کلو تمباکو ضبط، بااثر سیاستدان کے غیر رجسٹرڈ احاطے سے برآمد تمباکو پر تقریباً 30 سے ​​40 ملین روپے ڈیوٹی و ٹیکس چوری کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مردان میں ایک بااثر سیاستدان کے مالک کے غیر رجسٹرڈ احاطے سے ایک لاکھ کلو گرام تمباکو قبضے میں لے لیا۔ ایک اندازے کے مطابق اس کارروائی میں ایف بی آر نے وہ تمباکو ضبط کیا جس پر تقریباً 30 سے ​​40 ملین روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکس مبینہ طور پر چوری کیے گئے۔ ایک اور کارروائی میں ٹیکس حکام نے ایک اور مقام سے دس لاکھ کلوگرام تمباکو ضبط کر لیا۔ ایف بی آر نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔ ایکسائز قانون کے تحت ٹیکس دہندگان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اجناس اور مصنوعات کو ذخیرہ کرنے کے لیے مقامات کا اندراج کرائیں لیکن ان دونوں واقعات میں بااثر افراد نے غیر اعلانیہ مقامات پر تمباکو کا ذخیرہ کیا۔ ایف بی آر کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ اس میں دونوں صورتوں میں لاکھوں روپے ٹیکس اور ڈیوٹیز شامل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بااثر افراد کے نام ظاہر نہیں کر رہے تھے کیونکہ ٹیکس حکام نے ابھی تک ان کے خلاف مقدمات درج نہیں کیے تھے۔
اہم خبریں سے مزید