جکارتہ(مانیٹر نگ ڈیسک )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان ہمارا پڑوسی ہے اور ہمیشہ رہے گا، میرے ملک کا مفاد ہے کہ افغانستان مستحکم، پُرامن اور خوشحال ملک بنے، سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ، کوئی نہیں چاہتا افغانستان دہشتگردی کا لانچنگ پیڈ بن جائے،اسلاموفوبیا کےمسئلے پر ملکرکام کرنیکی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا انڈونیشین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت سیکیورٹی فراہم کرے گی اور دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے کام کرے گی، ہم سب پُرامن، خوشحال اور ترقی کرتا افغانستان دیکھنا چاہتے ہیں، بالی میں ڈیموکریٹک فورم میں شرکت کرنے پر بہت خوشی ہے، پاکستان کی جمہوریت کی جدوجہد کے حوالے سے طویل تاریخ ہے، مجھے اس حوالے سے پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔
معاشی بحران سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دنیا کو ایک کے بعد ایک بحران کا سامنا ہے، ہم نے 100 سال میں ایک بار ہونے والی عالمی وبا کا سامنا کیا۔