اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان اقوام متحدہ کے تمام اداروں کی جمہوری اصولوں پر عمل کے ذریعے توسیع کا حامی ہے جس سے سلامتی کونسل کی توسیع بھی شامل ہے، سلامتی کونسل میں مزید ملکوں کو ویٹو پاور دینے سے عالمی سطح پر خلیج بڑھے گی، یو این کے اداروں کو مضبوط اور عملی بنانے کیلئے اقوام متحدہ تنازع کشمیر کو حل کرائے۔ انہوں نے بھارت کی صدارت میں سلامتی کونسل کے ہونے والے اجلاس سے اقوام متحدہ کے رول 37؍ کے تحت خطاب کرتے ہوئے تنازع کشمیر کا انتہائی جرات مندانہ انداز میں ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ اگر سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے اداروں کو مضبوط اور عملی بنانا مقصود ہے تو اقوام متحدہ تنازع کشمیر کو حل کرے جو کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک حل طلب تنازع ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے حق خود اختیاری، تنازعات کے حل پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے سلامتی کونسل کےاجلاس کی صدارت کرنے و الی بھارتی خاتون سفیر کواپنی تقریر میں متعدد بار مخاطب کرتے ہوئے حق خود اختیاری، اقوام متحدہ میں اصلاحات کے لئے تمام رکن ممالک کے متفقہ فیصلوں اور جمہوری اصولوں پر عمل کے ذریعے اصلاحات کا ذکرکیا۔