لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی حراست میں رکھے گئے تین افراد کو فوری رہا کرنیکا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ لاہور پولیس جیسی بدمعاشی کررہی ہے آج تک نہیں دیکھی ڈی آئی جی آپریشنز نے لاہور ہائیکورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی،عدالت کا غیر قانونی حراست میں رکھے گئے 3 افراد کو فوری رہا کرنیکا حکم،عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایک اشتہاری کو پکڑنے کیلئے پولیس نے پورے خاندان کا جینا حرام کر رکھا ہے، خوف کی علامت بننے والے بدمعاش پولیس افسروں کو دیوار سے لگادینگے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی، عدالت کے روبرو ڈی آئی جی آپریشنز افضال کوثر، ایس پی سی آئی اے شمس درانی اور ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ میرے بیٹوں اسد اور علی رضا کو پولیس نے اٹھایا ، مغوی افراد کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا، پولیس نے زیر حراست افراد کو فیملی کے سامنے برہنہ کر کے ان پر تشدد کیا۔