لندن (نیوز ڈیسک) برطانیہ نے یوکرین کے شہروں کو نشانہ بنانے والے میزائل حملوں میں ملوث روسی فوجی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ حملوں میں استعمال ہونے والے فوجی ڈرون کی تیاری اور فراہمی میں ملوث ایرانی تاجروں پر پابندیاں عائد کردیں۔ اس سے قبل اٹلی کے وزیر دفاع نے پارلیمان کو بتایا تھا کہ روس کے حملے کے خاتمے کیلئے امن مذاکرات شروع ہونے کے بعد یوکرین کو ہتھیاروں کی ترسیل بند ہو جائے گی۔وزیر گویڈو کروسیٹو نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ فوجی امداد جلد یا بدیر بند ہونی چاہیے۔ یہ تب ختم ہو جائے گی جب ہم امن مذاکرات کریں گے جس کی ہم سب کو امید ہے۔ دوسری جانب امریکا کی جانب سے یوکرین کو جدید ترین پیٹریاٹ ائر ڈیفنس سسٹم بھیجنے کی تیاری جاری ہے۔ امریکی عہدے داروں کے مطابق واشنگٹن پیٹریاٹ سسٹم فراہم کرنے کے بارے میں جلد ہی کسی فیصلے کا اعلان کر سکتا ہے۔روس کے سابق صدر دمتری میدودیف خبردار کر چکے ہیں کہ روس کیف کو پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم سے لیس کرنے کیخلاف ہے۔ امکان ہے کہ کریملن اس اقدام کو بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی کے طور پر دیکھے گا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ پیٹریاٹ آلات کی فراہمی سے قبل ممکنہ طور پر یوکرینی افواج کو جرمنی میں تربیت دی جائے گی، جس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ نیٹو نے یوکرین کیلئے موسمِ سرما سے نمٹنے کیلئے ایک ارب ڈالرامداد دینے کا وعدہ کیا تھا۔