• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خود کو درست سمت پر نہ ڈالا تو افغانستان ہم سے آگے نکل جائیگا، احسن اقبال

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر،نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر ہم نے ماضی سے سبق سیکھ کر خود کو درست سمت پر نہ ڈالا تو بعید نہیں کہ اگلے 10سے 15برسوں میں افغانستان پاکستان سے آگے نکل جائے۔ترقی کیلئے سیاسی استحکام ضروری، وژن 2010 پر کام پورا ہو جاتا تو بھارت کو بجلی فروخت کر سکتے تھے، انہوں نے کہاکہ ملک کی بہتری کیلئے سب کو آ گے آنا ہوگا۔ جمعرات کو سی ای او کانفرنس سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جسے اللہ تعالی نے بے شمار وسائل سے مالا مال کیا ہے ۔پاکستان کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آ ئے گا۔1997 میں ہم نے وژن 2010 شروع کیا تھا،اگر اس پر کام پورا ہو جاتا تو ہم بھارت تک کو بجلی فروخت کر سکتے تھے لیکن 1998میں ایک جمہوری حکومت کا خاتمہ کر دیا گیا،2013 میں مسلم لیگ( ن) کی دوبارہ حکومت آ ئی تو ملک سنگین صورت حال سے دوچار تھا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بڑی تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے، ہر ملک اپنے اندر نئی جدت اور صلاحیتیں پیدا کر رہا ہے۔ 2013 میں جب مسلم لیگ ن کی دوبارہ حکومت آئی تو ہم نے 2025 کاوژن دیا اور اس میں ملک کے تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا۔ ملک کی بہتری کیلئے اگر کوئی منصوبہ شروع کیا جائے تو سی پیک کی شکل میں غیبی مدد بھی شامل حال ہوجاتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید