• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ نے ایران کو خواتین کمیشن سے نکال دیا

نیویارک (نیوز ڈیسک) ایران میں جاری ملک گیر مظاہروں کے تناظر میں اقوام متحدہ کے تہران کو خواتین کمیشن سے نکال دیا گیا ہے۔ اخراج کی تجویز پیش کرنے والے امریکا نے اس پیش رفت کو مظاہرین کی بڑی فتح قرار دیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کونسل میں ایران کو اقوام متحدہ خواتین کمیشن (یو این سی ایس ڈبلیو) سے نکالنے کے لیے رائے شماری ہوئی۔ امریکا کی طرف سے پیش کردہ تجویز کے حق میں 29ممالک نے ووٹ دیے جب کہ 8 نے اس کی مخالفت کی اور 16 ووٹنگ سے غیر حاضر رہے۔ ایران کے اہم حلیف روس نے تجویز کی مخالفت کی۔ اس نے اقوام متحدہ کے ماہرین قوانین سے ان کی آرا طلب کرنے پر زور دیا کہ آیا اقتصادی اور سماجی کونسل کو تہران کو رکنیت سے نکالنے کا قانونی حق حاصل بھی ہے۔ دوسری جانب ایران نے الزام لگایا کہ امریکا نے دیگر ملکوں پر اس کے خلاف ووٹ دینے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔ معروف تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے اقوام متحدہ کے ڈائریکٹر رچرڈ گوان نے کہا کہ کونسل کے بعض ارکان ووٹنگ کے طریقہ کار کے حوالے سے تشویش میں مبتلا تھے۔
یورپ سے سے مزید