کراچی (اسد ابن حسن) پاکستان کسٹم نے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر مسافروں کے سامان کی جانچ پڑتال کے لیے بین الاقوامی ڈیپارچر لاؤنج میں داخل ہوتے ساتھ ہی کسٹم کاؤنٹر لگانے کی تجویز پیش کر دی۔ اسسٹنٹ کلیکٹر کسٹم ڈاکٹر سارہ بتول نے متعلقہ محکموں کو مراسلے ارسال کئے ہے کہ اس وقت کسٹم کے کاؤنٹر لاؤنج میں سب سے آخر میں ہوتے ہیں۔ مسافر کو پہلے اے ایس ایف اور اینٹی نارکوٹکس کا عملہ چیک کرتا ہے اور سب سے آخر میں مسافر کسٹم کے کاؤنٹر پر آتا ہے جب کہ اصولی طور پر سب سے پہلے مسافر کو کسٹم چیک کیا جانا چاہئے۔ اس حوالے سے خاتون افسر نے جو تجاویز دی ہیں ان میں کسٹم حکام اسکینرز کے ساتھ سب سے پہلے لاؤنج میں داخل ہوتے ساتھ ہی سامان چیک کریں اور مسافر وہاں کرنسی اور سونا ڈکلیئر کرے اور ضبطگی بھی وہیں ہو۔ دو سرچ کیبن ایک خواتین اور ایک مرد حضرات کے لئے نصب کیے جائیں۔