• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعتماد کھوچکے تو انہیں وزیراعلیٰ برقرار رہنے کا حق نہیں، احسن اقبال

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں جتنا احتساب نواز شریف کا ہوا کسی کا نہیں کیا گیا،سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن حامد خان نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس چل رہا ہو تو پھر گورنر اجلاس نہیں بلاسکتا،ماہر قانون سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق گورنر وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے اسمبلی اجلاس طلب کرسکتے ہیں،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، عمران خان دنیا کو پاکستان میں سیاسی عدم استحکام کا تاثر دے رہے ہیں، شہباز شریف کے دورئہ چین سے پہلے عمران خان نے دھرنا دے کر چینی سرمایہ کاری روکنے کی کوشش کی، عمران خان کو سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کی پرواہ نہیں ہے، عمران خان سمجھتے ہیں عام انتخابات کروانا میانوالی کا الیکشن کروانے جیسا ہے، پاکستان کو سیاسی بے یقینی سے بچانا سب سے بڑی خدمت ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اسمبلی سیشن کے دوران گورنر اجلاس نہیں بلاسکتا تو پھر وزیراعلیٰ عدم اعتماد کا ووٹ لینے سے بچنے کیلئے اسمبلی اجلاس ملتوی ہی نہیں کریں گے، ایسی صورتحال میں کیا گورنر کا وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہنے کا اختیار غیرموثر ہوجاتا ہے، پرویزالٰہی اسمبلی کا اعتماد کھوچکے ہیں تو انہیں وزیراعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہنے کا حق نہیں ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ اس آئینی بحران و طول دینے میں سپریم کورٹ کا بڑا عمل دخل ہے، سپریم کورٹ نے ایک ایسا فیصلہ دیا جسے آئینی ماہرین نے اختیارات سے متجاوز اور آئین میں ترمیم کے مترادف قرار دیا، سپریم کورٹ میں اس پر ریویو پٹیشن دائر ہے اس کا فیصلہ آنا باقی ہے، ایک متنازع فیصلے کے نتیجے میں پنجاب اسمبلی کا مستقبل داؤ پر لگایا جارہا ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو کس بنیاد پر نااہل کیا گیا ہے،پاکستان میں جتنا احتساب نواز شریف کا ہوا کسی کا نہیں کیا گیا، عمران خان نے توشہ خانہ میں قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، عمران خان کے گن مین کے تحفے کی قیمت عمران خان کے تحفے سے زیادہ لگائی گئی،ایسا کون سا ملک ہوگا جو پاکستان کے وزیراعظم کو اس کے گن مین سے سستا تحفہ دے گا، فارن فنڈنگ کیس میں مالی اور اخلاقی بدعنوانی کی گئی۔احسن اقبال نے کہا کہ میجر جنرل (ر) ظفر مہدی کے بیٹے کو رہا ہونا چاہئے ، اس نوجوان نے ایک دردمند پاکستان کی حیثیت سے اس وقت کے آرمی چیف جنرل باجوہ کو خط میں جو بھی لکھا وہ تاریخ نے درست ثابت کیا۔سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن حامد خان نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس چل رہا ہو تو پھر گورنر اجلاس نہیں بلاسکتا، اسمبلی سیشن نہ ہونے کی صورت میں ہی گورنر وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے اجلاس سمن کرسکتے ہیں، گورنر کے پاس اختیار نہیں کہ اسمبلی اجلاس کے چلتے ہوئے پھر اجلاس بلالیں، پی ڈی ایم نے وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروادی ہے، پرویز الٰہی اکثریت کھوبیٹھے ہیں تو پی ڈ ی ایم تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ کروالے،تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہنے کا جواز نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد اور تحریک اعتما ددونوں ایک ساتھ کیوں چلائی جارہی ہیں پرویز الٰہی کو 186ممبران کی اکثریت دکھانی ہے۔حامد خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نااہل کروانے کیلئے ان کیخلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، عمران خان کو سیاست سے باہر کر کے الیکشن کروانے کی کوشش کی جارہی ہے، عمران خان کے ووٹرزسپورٹرز کو انہیں ووٹ دینے سے روکنا مناسب نہیں ہوگا۔
اہم خبریں سے مزید