• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP حکومت کا 190 ارب واجبات وصولی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کا اعلان

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا حکومت نے وفاق کے ذمہ واجب الادا 190ارب روپے بقایاجات کی وصولی کیلئے آئندہ ہفتہ سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ کا آئینی اور قانونی حق ہر قیمت پرلیکر رہیں گے، وفاقی حکومت صوبے کو کوئی خیرات ، زکوٰۃ نہیں دے رہی بلکہ یہ این ایف سی ، این ایچ پی اور ضم اضلاع کے فنڈ ز ہیں جو صوبے کا آئینی اور قانونی حق ہے، اگر فنڈز نہیں ملیں گے تو قبائلی اضلاع کیسے ترقی کریں گے، صوبہ میں امن و امان کیسے قائم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے حیات آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کے افتتاح،ارباب نیاز سٹیڈیم اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نےحیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں قائم عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم سمیت پشاور میں چار میگا ترقیاتی منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا جو مجموعی طور پر3 ارب62کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے ،وزیراعلیٰ نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کے تحت نئے قائم کرکٹ اسٹیڈیم کا باضابطہ افتتاح کیا، یہ بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم 99 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گاجس پر اب تک 63.3کروڑ روپے خرچ کئے جاچکے ہیں، مذکورہ کرکٹ گراؤنڈ کے مرکزی پویلین کی عمارت چار منزلوں پر مشتمل ہے جبکہ دیگر سہولیات میں جنرل پبلک سٹینڈ ، سٹیل فینسنگ ، آر سی سی ڈرین، پبلک ہیلتھ ورکس، ڈیجیٹل سکور بورڈ، سکیورٹی کے اقدامات اور دیگر سہولیات شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت خیبرپختونخوا کے وسائل پر قابض ہے اور صوبے کو اپنا حق نہیں دے رہی، تقریباٍ190 ارب روپے وفاق کے ذمے واجب الادا ہیں ، وفاقی حکومت صوبے کو کوئی خیرات ، زکوة نہیں دے رہی بلکہ یہ این ایف سی ، این ایچ پی اور ضم اضلاع کے فنڈ ز ہیں جو صوبے کا آئینی اور قانونی حق ہے ۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کو تنبیہ کی اور کہا کہ آئندہ ہفتے وہ صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے اور صوبے کا آئینی اور قانونی حق لیکر رہیں گے ۔
اہم خبریں سے مزید