اسلام آباد (صالح ظافر) سابق صدر آصف علی زرداری منگل کو اپنے مشن کی تکمیل کیلئے لاہور واپس پہنچیں گے ، وہ شہید بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے گڑھی خدا بخش چلے گئے تھے ۔ پیر کے روز پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس لاڑکانہ میں ہوگا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی ۔ وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ نے ہفتے کے روز نمائندہ جنگ کو بتایا کہ آصف زرداری اپنے سیاسی مشن کی تکمیل کیلئے دوبارہ لاہور پہنچیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ زرداری اپنے مشن میں ناکام رہے جو کہ خود فریبی ہے ۔ آصف زرداری اپنی سیاسی کامیابیوں کیلئے جانے جاتے ہیں۔ کائرہ نے بتایا کہ سابق صدر جمعے کے روز تک لاہور میں قیام کریں گے ۔