• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں اسپتال بھر گئے، کورونا کے یومیہ اعداد و شمار شائع کرنا بند

بیجنگ (اے ایف پی، جنگ نیوز) چین میں کورونا وائرس کی نئی قسم بی ایف سیون سامنے آنے کے بعد کوووڈ کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں جبکہ آخری رسومات ادا کرنے والے مراکز میں بھی رش کا سامنا ہے، چین کے دور دراز علاقوں میں ریٹائرڈ طبی ملازمین کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ، چین میں نیشنل ہیلتھ کمیشن نے کورونا کے نئے کیسز اور وائرس سے ہونے والی اموات کے اعدادوشمار شائع کرنا بند کردیا ہے،ان کا کہنا ہے کہ کورونا کے اعدادوشمار صرف ریسرچ مقاصد کیلئے شائع کئے جائیں گے۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق کورونا کے یومیہ کیسز شائع نہ کرنے کا فیصلہ وائرس کی تیزی سے پھیلتی ہوئی لہر کے بارے میں سرکاری اعدادوشمار پر خدشات سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے، کہا جارہا ہے کہ سرکاری اعدادوشمار میں اصل تعداد درست طور پر نہیں بتائی جارہی ہے۔ گزشتہ ہفتے چین نے کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق بھی اپنی پالیسی میں تبدیلی کردی تھی۔ چینی ہیلتھ کمیشن نے کورونا کے یومیہ کیسز کے اعدادوشمار جاری کرنے کو روکنے کے فیصلے کی کوئی وضاحت نہیں کی ہے تاہم این ایچ سی کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز سے ہم کورونا کی لہر کے بارے میں یومیہ تفصیل شائع نہیں کریں گے، اینایچ سی نے بتایا کہ چین میں بیماریوں پر قابو پانے اور اس سے بچاؤ کا ادارہ سی ڈی سی اب کورونا کی وبا سے متعلق ریفرنس اور ریسرچ کے مقاصد کیلئے تفصیل شائع کرے گا۔چین کے کئی شہروں میں اسپتالوں کے وارڈ بھر چکے ہیں جبکہ ادویات کی قلت کا سامنا ہے ، ملکی نظام صحت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، بیمار میڈیکل اسٹاف کو بھی کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں ریٹائرڈ طبی ملازمین کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ، چین میں آخری رسومات ادا کرنے والے مراکز کے ملازمین نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ انہیں غیر معمولی طور پر میتیں موصول ہورہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید