اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر ا پنےپیغام میں کہا کہ بانی پاکستان جمہوریت پسند اور روشن خیال قائد تھے وہ انسانی اور مذہبی آزادی کے وکیل تھے۔ پاکستان پیپلزپارٹی قائداعظم کے بنائے ہوئے ملک میں اظہار رائے کی آزادی، سیاسی اور مذہبی آزادی کا دفاع کرتی رہے گی۔پاکستان پیپلزپارٹی قائداعظم کے فلسفے کے روح کے مطابق ملک کو جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے پر ثابت قدم ہے۔ پاکستان کاقومی ترانہ قائداعظم کے فلسفے کی عکاسی کرتا ہے جس میں طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دیا گیا ہے۔ قائد عوام بھٹو شہید کا بنایا ہوا 1973کا آئین وطن کی بقا اور سلامتی کا ضامن ہے۔ ایک مخصوص سوچ مذہب کی آڑ لیکر ملک اور معاشرے پر اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہے جو قائداعظم کے فلسفے کے برعکس ہے جس کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ادھرآصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر پاکستان کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے تمام غیر مسلم شہریوں کو 1973کے آئین میں برابر کے شہری ہونے کا حق دیا تھا۔