• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر کی صورتحال پورے ملک کے عوام کیلئے باعث تشویش، جماعت اسلامی

لاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ و سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ گوادر کی صورت حال صرف بلوچستان ہی نہیں پورے ملک کے عوام کے لیے باعث تشویش ہے۔ مولاناہدایت الرحمن اور حسین وڈیلہ کی قیادت میں گوادر میں گزشتہ دو ماہ سے پرامن احتجاج جاری تھا کہ پیر کو حکومت نے مظاہرین پر کریک ڈاؤن کیا جس کی جماعت اسلامی پرزور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کو سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کی بجائے تشدد کا راستہ اپنایا گیا، اس طرح کے غیرآئینی و غیر جمہوری رویوں سے پہلے ہی بلوچستان میں محرومیاں بڑھ رہی ہیں۔ قبل ازیں حکومت اور گوادر کو حق دو تحریک کے رہنماؤں کے مابین ایک معاہدہ ہوا تھا لیکن حکومت نے اس معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔ پیر کو بھی وفود سے بات چیت کا سلسلہ جاری تھا کہ حکمرانوں کی جانب سے طاقت کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بزور طاقت لوگوں کو ان کے جائز مطالبات سے دستبردار کرانے کی روش انتہائی خطرناک ہے۔ کسی بھی جمہوری ملک میں اس طرح کے رویے حکومتوں کو زیب نہیں دیتے۔ گوادر کے عوام اپنے جائز مطالبات کے لیے دھرنا دے رہے ہیں، ان کے حقوق پورے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔
لاہور سے مزید