کراچی (نیوز ڈیسک)بیوی سے بدلہ لینے کا سیاحتی طریقہ، بیوی کو ڈسپلن سکھانے کیلئے شوہر کی جانب سے ڈرانے دھمکانے کی وڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹورازم نے ایک شخص کی ویڈیو شیئر کی ہے جو بیوی کو دھمکیاں دے کر ڈسپلن سکھانے کی کوشش کررہا ہے جبکہ اس وڈیو کی سرخی ’بیوی سے بدلہ لینے کا سیاحتی طریقہ‘ لکھی۔ وڈیو دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو ایک کیبل کار پر سوار مرد اور عورت سے شروع ہوتی ہے۔ مرد عورت کو ڈرانے کے لیے حفاظتی دستہ کھولنے کی کوشش کرتا ہے اور اسے دھمکی دیتا ہے کہ اگر اس نے اسے تنگ کرنا بند نہیں کیا تو وہ اسے نیچے پھینک دے گا۔ اس شخص کے اپنی بیوی سے مبینہ طور پر مضحکہ خیز انتقام نے لوگوں کو زن بیزار مواد پر حیران کرکے رکھ دیا۔ دوسری جانب عورت بظاہر خوفزدہ دکھائی دیتی ہے اور مرد سے اسے معاف کرنے کو کہتی رہتی ہے۔ یہاں تک کہ وہ اس آدمی کے پاؤں چھو کر کہتی ہے کہ اسے کتنا افسوس ہے۔ ’ انتقام‘ ویڈیو میں دکھائے گئے صریح صنفی امتیاز اور زن بیزاری پر لوگ حیران رہ گئے۔ دیگر نے صرف اس بارے میں لکھا کہ ویڈیو بہت ساری سطحوں پر کتنی غلط ہے تاہم چند لوگوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ویڈیو کو مضحکہ خیز سمجھا جائے اور اتنی نفرت نہ کی جائے۔