اسلام آباد(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ استعمار کے وفادار قومی سیاست اور معیشت پر قابض، حکمران جماعتوں نے مل کر ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی احتساب کی مخالف ہیں، حکمرانوں نے کرپشن کو پروان چڑھایا، خزانہ اورتوشہ خانہ کو سب نے لوٹا۔ حکمرانوں کی دولت، جائیدادیں، کاروبار اور اولاد باہر خود یہاں صرف اقتدار کے لیے ہیں۔ لاکھوں نوجوان حالات سے مایوس روزگار کی تلاش کے لیے بیرون ملک جا رہے ہیں، حکمرانوں کو رتی برابر پروا نہیں۔ سوا تین کروڑ متاثرین سیلاب کی کوئی خبرگیری نہیں ہوئی، سرکاری اور عالمی امداد کہاں گئی، کسی کو معلوم نہیں،وہ منصورہ میں جامعہ محصنات کے اساتذہ سے گفتگو کر رہے تھے،سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے عوام میں محرومیوں کا احساس شدت اختیار کر رہا ہے اور یہ لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے۔”گوادر کو حق دو تحریک“ کے تحت گزشتہ کئی ماہ سے دھرنا جاری رہے، بیچ میں حکومت نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبات پورے ہوں گے۔