• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مری میں برفباری کی پیش گوئی کے باوجود تیاریاں نا مکمل

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) ضلع مری میں آج سے برفباری کی پیش گوئی کے باعث ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے13سرکاری محکموں کی تیاریوں کے حوالے سے کرائے گئےخفیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ زیادہ تر محکموں نے ابھی تک اپنا ڈیوٹی روسٹر ہی جار ی نہیں کیا جبکہ اہم ترین محکمہ ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کی تیاریاں بھی نامکمل ہیں۔ انتظامی کنٹرول روم میں تعینات زیادہ تر محکموں کے نمائندے غیر حاضر پائے گئے۔پولیس اسٹیشن کا نمبر بھی خراب تھا۔ سروے کے بعد جاری کے گے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریسیکو ڈبل ون ڈبل ٹو نے کنٹرول روم قائم کرکے ٹول پلازہ،سترہ میل،چھرہ پانی،کھجوٹ ایکسپریس وے،پنڈی پوائنٹ،جی ٹی روڈ،مال روڈ،بانسہرہ گلی،کلڈنہ،کٹی میٹی جیسے علاقوں میں ٹیمیں بمعہ گاڑیاں تعینات کردی ہیں۔موٹروے پولیس کے بارے کہا گیا ہے کہ اس کی موبائلز مختلف پوائنٹس لوئر ٹوپہ،مسیاڑی چوک،کھجوٹ ایکسپریس وے،مانگا پل،بوستان موڑ،ٹال پلازہ،پھلگراں میں پٹرولنگ کررہی ہیں۔پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ (جو ہائی وے روڈز اور ہائی وے مکینکل پر مشتمل ہے) کے بارے انکشاف کیا گیا ہے کہ تاحال نمک چھڑکاؤ کیلئے جیپیں ہائر نہیں کی گئیں جبکہ 14مشینوں میں سے تین خراب ہیں۔ برف ہٹانے والی مشینیں بھی مطلوبہ تعداد سے کم ہیں اور جو ہیں جو ہیں وہ بھی ورکنگ پوزیشن میں نہیں ہیں۔تاحال ہائی وے ڈیپارٹمنٹ نے اپنا پلان/ڈیوٹی روسٹر جاری نہیں کیا ہے کہ کسی ایمرجنسی کی صورتحال سے کیسے نمٹا جائے گا۔واپڈا نے بھی ڈیوٹی روسٹر ابھی جاری کرنا ہے۔محکمہ جنگلات نے بھی ابھی تک کسی ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈیوٹی روسٹر جاری نہیں کیا ۔ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تیار پایا گیا ۔محکمہ سوئی گیس، ٹورازم فورس ڈیپارٹمنٹ کا ڈیوٹی روسٹر جاری ہونا باقی ہے۔کینٹ بورڈ نے برفباری میں تعیناتیوں کیلئے ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس بارے کہا گیا ہے کہ محکمہ کے پاس اس وقت افرادی قوت کی کمی ہے۔ڈیوٹی روسٹر جاری ہونا بھی باقی ہے۔ٹی ایم اے مری اور سول ڈیفنس کے بارے کہا گیا ہے کہ ٹی ایم اے نے جناح ہال مری میں کنٹرول روم قائم کردیا ہے۔جہاں تمام محکموں کے ایک ایک نمائندے کی تعیناتی ہےلیکن دوران سروے زیادہ تر افراد غیر حاضر پائے گئے۔مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے تیاریاں تسلی بخش نہیں ہیں۔
اسلام آباد سے مزید