• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسد قیصر نام لیں کس نے طویل مدتی عبوری حکومت کی بات کی، عظمیٰ بخاری

کراچی (ٹی وی رپورٹ)ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی کوئی بات نہیں ہورہی ہے، اسد قیصر نام لیں کس نے ان سے طویل مدتی عبوری حکومت کی بات کی تھی، ممکن ہے ن لیگ کے کسی شخص کے ساتھ ان کی کوئی غیررسمی گفتگو ہورہی ہو،میری رائے میں پی ٹی آئی کے تمام ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے جانے چاہئیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان مبشر ہاشمی سے گفتگو کررہی تھیں۔ پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار مظہر عباس اور رؤف کلاسرا بھی شریک تھے۔ رؤف کلاسرا نے کہا کہ اگلے ایک ماہ میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی باتیں ہضم کرنا مشکل ہے،ایک مہینے بعد آرمی چیف کیسے شہباز شریف سے کسی دوسرے کو وزیراعظم لانے کی بات کریں گے،اسد قیصر کو اس شخص کا نام بتانا چاہئے جس نے طویل مدتی عبوری حکومت کی تجویز دی۔مظہر عباس نے کہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی بات کر کے اس پر ردعمل چیک کیا جارہا ہے، نگراں سیٹ اپ الیکشن تک ہوتا ہے اسے آگے نہیں بڑھایا جاسکتا، اس وقت کوئی عبوری سیٹ اپ بنایا گیا تو آئی ایم ایف بات نہیں کرے گا، پی ٹی آئی کے 130ارکان ایک ایک کر کے اپنے استعفوں کی تصدیق کردیں تو کیا حرج ہے۔ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نےکہا کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی کوئی بات نہیں ہورہی ہے، فواد چوہدری کو پاکستان کو ڈیفالٹ کروانے کا شوق اٹھا ہوا ہے، پاکستان کوئی مذاق نہیں کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کا تجربہ کیا جائے گا، پاکستان میں ہمیشہ ٹیکنوکریٹ رہے ہیں لیکن ملک ہمیشہ سیاستدانوں نے آگے بڑھایا ہے، شبر زیدی تو عمران خان کی حکومت میں بھی کہتے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے والا ہے، اسد قیصر کو نام لینا چاہئے تھا حکومت میں کس نے ان سے طویل مدتی عبوری حکومت کی بات کی تھی، ممکن ہے ن لیگ کے کسی شخص کے ساتھ ان کی کوئی غیررسمی گفتگو ہورہی ہو۔
اہم خبریں سے مزید