لاہور ( نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نےسرکاری اسپتالوں کی ایمرجنسی اور نجی اسپتالوں میں سہولتوں کی عدم دستیابی کیس میں اسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی اور پرائیویٹ اسپتالوں میں مختلف ٹیسٹوں کی قیمتیں مقرر کرنے کے حوالے سےہیلتھ کیئر کمیشن سے 12جنوری کورپورٹ طلب کر تے ہوئےکہاہے کہمظاہرے کرنیوالے ڈاکٹرز کا تبادلہ دور دراز علاقوں میں کردیں،جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر عدالت نے اسپتالوں میں ہونیوالے اخراجات نوٹیفائی کرنے کےاقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن پرائیویٹ ہسپتالوں میں ٹیسٹوں کے ریٹ کا تعین کرے اور درج شکایات کو اسپتالوں میں آویزاں بھی کیا جائے، ہیلتھ کیئر کمیشن شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام وضع کرے جو چلتا رہے، عدالت نے ہدایات جاری کیں کہ عام آدمی کو صحت کی بہتر دستیابی کے لیے ہر کوشش کی جائے،عدالت صحت کی بہتر فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کرائیگی، عدالت نے اسپتالوں کی انسپکشن ریگولر بنیادوں پر کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کسی کو اسپتال سے متعلق شکایت ہو تو پتا ہونا چاہیے اس کی شنوائی کے لیے فورم موجود ہے،سیکرٹری صحت پنجاب احمد جاوید قاضی نے ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی اور بتایا کہ ایمرجنسی شعبے کے لیے مختلف عہدوں کی بھرتی کے لیے اشتہار دیا ہے۔