لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے اوکاڑہ کادورہ کیا۔انہوں نے تین ارب 10کروڑ روپے کے میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا۔ پنجاب حکومت علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے اوکاڑہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کو آرڈنیٹر پنجاب سٹیز پروگرام اشرف خاں سوہنا نے صوبائی وزیر کو ضلع اوکاڑہ کے مسائل اور علاقائی ترقی کے لئے منتخب کی گئی سکیموں سے متعلق بتایا۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی سربراہی شہباز شریف،زرداری اور مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں اور اب یہ پسے ہوئے عوام پر 8سو ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے جا رہے ہیں اور بجلی و گیس کے بلوں میں 250 گنا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے۔ جب الیکشن کا بگل بجے گا ان کو چھٹی کا دودھ یاد آ جائے گا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے اوکاڑہ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا،ڈی پی او کیپٹن (ر) فرقان بلال، پی ٹی آئی ضلع اوکاڑہ کی مقامی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔