• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال نو پر بحریہ ٹاؤن کراچی‘ لاہور‘ اسلام آباد میں شاندار آتش بازی

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی ریاض ملک کی ہدایات پر بحریہ ٹائون کراچی‘ بحریہ ٹائون اسلام آباد‘ بحریہ ٹائون لاہور‘ بحریہ ٹائون کراچی ٹو‘ ایفل ٹاورز لاہور‘ سٹیچو آف لبرٹی پارک ویو اسلام آباد میں لاکھوں افراد نے سال نو کے موقع پر آتش بازی کا تاریخ ساز مظاہرہ دیکھا جو پاکستان کی 75سالہ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ بحریہ ٹائون کراچی کے بحریہ کارنیول ڈینزو ڈانسنگ فائونٹین نے سال نو کے جشن کو چار چاند لگا دیئے۔ بحریہ ٹائون کراچی ٹو میں دنیا بھر کے ترقی یافتہ ملکوں کی طرح جدید ترین آتش بازی دیکھ کر وہاں موجود ہزاروں خاندان بیحد محظوظ ہوئے۔ اس موقع پر میوزیکل کنسرٹ بھی منعقد کیا گیا جو شہر کراچی میں اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ قرار دیا گیا ہے۔ سال نو کے ساتھ ساتھ موسم سرما کی تعطیلات کو بھی پرلطف بنانے کیلئے بحریہ ٹائون کراچی‘ بحریہ ٹائون لاہور‘ بحریہ ٹائون اسلام آباد اور بحریہ ٹائون کراچی ٹو میں معروف گلوکار عاطف اسلم اور ایم ایس چوہان کی ماڈرن میوزک کے ساتھ زبردست پرفارمنس نے فوڈ سٹالز میں آئے ہوئے مہمانوں کا لطف دوبالا کر دیا۔ اس موقع پر ڈینزو میں ایگزوٹک اینمل شو ‘ پتلی تماشا‘ میوزیکل شو‘ کارنیول میں کلچرل شو‘ یووی ڈانس اور میوزیکل شو سمیت ڈانسنگ فائونٹین شو بھی منعقد کئے گئے۔ ان تفریحات کی وجہ سے سال نو کے جشن کا لطف دوبالا ہو گیا۔ تمام انٹرنیشنل فوڈ چینز اور ریسٹورنٹس پر بھی فیملیوں کا ہجوم رہا۔ بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی ریاض ملک کی جانب سے سال نو کے موقع پر ہمیشہ کی طرح عوام کی تفریح کیلئے نئے انداز اور نئے رنگوں سے مزین آتش بازی کا اہتمام کیا گیا۔ بیک وقت تین مختلف مقامات جن میں بحریہ ٹائون کراچی ٹو‘ سٹیچو آف لبرٹی بحریہ ٹائون راولپنڈی اور ایفل ٹاور لاہور سے رات کے ٹھیک 12بجے دلفریب‘ متحیر کن آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ماضی کے مظاہروں سے کئی گنا زیادہ طویل کیا گیا جس سے آسمان اودھے اودھے‘ نیلے نیلے‘ پیلے پیلے پیرہنوں سے چمک اٹھا اور عوام کیلئے مبہوت کن ثابت ہوا۔ اس موقع پر عوام کے سمندر کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ کراچی‘ لاہور‘ اسلام آباد کے درجنوں ہزار افراد نے بحریہ ٹائون کی عوامی دلچسپی کی سرگرمیوں کو سراہا اور اس بات کا اعتراف کیا کہ بحریہ ٹائون عوام میں مثبت رجحان اور تفریحات کو فروغ دینے کیلئے ہردم کوشاں ہے۔ عوام کے غیرمعمولی رش نے ثابت کر دیا کہ بچے ہوں یا بڑے دونوں ہی کیلئے کراچی کا بحریہ ٹائون زیادہ بہترین اور منفردتفریح کہیں میسر نہیں جہاں ہر موسم کا بھرپور لطف اٹھایا جا سکے۔ بحریہ ٹائون کراچی اور بحریہ ٹائون کراچی ٹو میں اگرچہ ہزاروں خاندان بچے بڑے نئے سال کا جشن منانے آئے تھےاسکے باوجود چیئرمین بحریہ ٹائون اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی سکیورٹی کیلئے غیرمعمولی انتظامات کر رکھے تھے جس کی وجہ سے کراچی‘ لاہور‘ اسلام آباد میں ڈیڑھ دو لاکھ کے لگ بھگ خاندانوں نے بلاخوف و خطر سال نو کا جشن لوگوں کو مناتے دیکھا اور خود بھی منایا۔
اہم خبریں سے مزید