• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول اور گورنر ہاؤس میں ہونے والی میٹنگ حیرت انگیز ہے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن ہر صورت ہونا چاہئے، 24 گھنٹوں میں الیکشن کمیشن کو دیا ہوا خط واپس لیں‘ گزشتہ روز بلاول ہاؤس اور گورنر ہاؤس میں جو میٹنگ ہوئی وہ حیرت انگیز ہے ۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جس گورنر کا کریمنل ریکارڈ ہو اس کا تقرر کیسے ہو سکتا ہے، گورنر سندھ کے خلاف قبضوں کے کیسز دبئی میں بھی درج ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بلاول ہاؤس کے اجلاس میں پی پی نے الیکشن کا کہہ تو دیا مگر مسئلہ یہ نہیں، جب رجیم تبدیل ہو رہی تھی تو اختیارات کا مسئلہ اس وقت نہیں چھیڑا، اب آپ کو مہاجر مینڈیٹ کا خیال کیوں آرہا ہے، اس وقت کیوں نہیں کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آپ نے پی ٹی آئی کا ساتھ اپنے مفاد میں وزارتیں پکڑنے کے لیے دیا، آپ کون سے اختیارات کی بات کر رہے ہیں‘2014ءتک ایم کیو ایم اختیارات کے ساتھ موجود تھی۔پیپلز پارٹی جتنی کرپشن کر رہی ہے اس میں ایم کیو ایم برابر کی شریک ہے۔انہوںنے کہا کہ آپ نوکریاں دو نہیں، سہولتیں دو نہیں، سازش کرو یہ منظور نہیں، اس وقت سندھ سازشوں کا اڈا بنا ہوا ہے، گزشتہ روز بلاول ہاس اور گورنر ہاوس میں جو میٹنگ ہوئی وہ حیرت انگیز ہے، ایم کیو ایم اور پی پی دونوں مہاجر اور سندھی بولنے والے لوگوں کو تقسیم کر رہے۔بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، جب سے ٹیسوری کی آمد ہوئی ہے یہ سازشیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید