اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) بیرون ملک درجنوں نئے ٹریڈ آفسران کی تعیناتی کے معاملے پر وزیر اعظم کے اعتراض کے بعد پیش رفت رک گئی ۔ ذرا ئع کے مطابق وزیر اعظم نے وزارت تجارت کی سمری پر اعتراض کردیا اور سابق و فا قی سیکرٹری ناصر کھوسہ کی سربراہی میں آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں وزیر اعظم پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری دیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی موجودہ اور مجوزہ پالیسی کا موازنہ کے بعد سفارشات پیش کرے گی-کمیٹی بیرون ملک ٹریڈ افسران کی تعیناتیوں کے طریقہ کار-امیدواروں کے تحریری اور دیگر ٹیسٹ سے متعلق جائزہ لے گی -ذرائع کے مطابق کمیٹی میں سیکریٹری خزانہ-سیکریٹری تجارت-سیکریٹری اقتصادی امور اور سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ڈی جی آر اینڈ اے ایف بی آر شکیل شاہ-سابق وفاقی سیکریٹریز اسد حیاالدین اور شاہد اشرف تارڑ کمیٹی میں شامل ہیں-ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پہلے ہی موجودہ ٹریڈ افسران کی تعیناتی کی مدت میں چھ ماہ توسیع کی منظوری دے چکے ہیں اورنئے ٹریڈافسران کی تعیناتیوں کا عمل وزیر اعظم کی منظوری کے بعد شروع کیا جائے گا۔