• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا چینی وزیراعظم کو فون، آرمی چیف سعودیہ پہنچ گئے، وزیر دفاع سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی / ریاض ( نیوز ایجنسیز / شاہد نعیم) وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے ہم منصب لی کی چیانگ کو فون کیا جس میں پاکستان اور چین نے عوامی مفاد کیلئے دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے اور چین کے بنیادی مفادات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے جبکہ چینی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔دوسری جانب آرمی چیف جنرل عاصم منیر سعودی عرب پہنچ گئے اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی۔ جنرل عاصم منیر اور شہزاد خالد بن سلمان نے باہمی تشویش کے اہم علاقائی امور پر گفتگو جبکہ دونوں برادر ممالک میں اسٹرٹیجک پارٹنر شپ پر زور دیا گیا سعودی وزیر دفاع شہزاد خالد بن سلمان نے کہا کہ سربراہ پاک فوج سے ملکر خوشی ہوئی ۔ آرمی چیف نے سعودی افواج کے چیف آف اسٹاف اور بری افواج کے کمانڈر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ریاض میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملاقات کی ۔ سعودی میڈیا کے مطابق وزیر دفاع نے جنرل عاصم منیر کو پاکستانی فوج کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی۔ آرمی چیف بننے کے بعد جنرل عاصم منیرکا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پائیداری پر زور دیا، فوجی اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشترکہ تشویش کے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سعودی فوج کے سربراہ چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حمید الرویلی، معاون وزیر دفاع انجینئر طلال بن عبداللہ العتیبی، دفتر کے ڈائریکٹر جنرل نے شرکت کی۔ وزیر دفاع ہشام بن عبدالعزیز بن سیف اور اسلامی جمہوریہ پاکستان میں حرمین شریفین کے سفارتخانے کے ملٹری اتاشی میجر جنرل اسٹاف پائلٹ عواد بن عبداللہ الزہرانی اور پاکستان کی جانب سے پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور اور پاکستانی فوج کے چیف آف اسٹاف کے سیکرٹری میجر جنرل محمد عرفان اور پاکستانی ملٹری اتاشی بریگیڈیئر جنرل محمد عاصم بھی شریک تھے۔ سعودی وزیر دفاع شہزاد خالد بن سلمان نے ٹویٹ کیا کہ ’پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی’ہم نے اپنے دونوں برادر ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک پارٹنرشپ پر زود دیا۔ دوطرفہ فوجی اور دفاعی تعلقات کا جائزہ لیا اور اپنے تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے جمعرات کو ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں آزمودہ تزویراتی شراکت داری کی بہترین روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرمجوشی اور دوستی کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 2022 میں دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔ دونوں رہنماؤں نے 2023 میں دوطرفہ تعاون کی مستحکم رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ نومبر 2022 میں اپنے دورہ چین اور چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کے ساتھ وسیع پیمانے پر ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاکستان پرعزم ہے اور پاکستان چین کے بنیادی مفادات پر غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی بروقت تکمیل پر پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کو دہراتے ہوئے چینی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لئے مکمل طور پر محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔وزیراعظم لی کی چیانگ نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ چین پاکستان کو نہ صرف ایک تزویراتی دوست بلکہ ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتا ہے جس کا استحکام اور معاشی بہبود خطے اور چین کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔9جنوری کو جنیوا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے چین کے وزیر اعظم کو پاکستان میں سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی میں تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا اور متاثرین سیلاب کے لیے چین کی فوری اور فراخدلانہ مدد پر پاکستان کی جانب سے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔چین کے وزیر اعظم نے وزیر اعظم شہباز شریف کو چین کی جانب سے پاکستان کی تعمیر نو کی کوششوں اور کانفرنس کی کامیابی کے لئے مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل فیاض الرویلی سے ریاض میں ملاقات کی ، سعودی وزارت دفاع کے مطابق پاک سعودی آرمی چیفس نے دفاعی، عسکری شعبوں میں پاک سعودیہ تعلقات کاجائزہ لیا، جنرل عاصم منیر نے سعودی بری افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد المطیر سے بھی ملاقات کی ۔

اہم خبریں سے مزید