لندن (مرتضیٰ علی شاہ) نواز شریف اور مریم نواز ایک ہفتے کے دورے پر جنیوا چلے گئے، مریم نواز کی دو ہفتوں میں پاکستان واپسی، جنید صفدر کل وقتی قیام کیلئے اس ہفتے پاکستان پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز بدھ کو لندن سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا کے ایک ہفتے کے دورے پر روانہ ہو گئے۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ باپ بیٹی ایک ہفتے تک سوئس دارالحکومت میں قیام کریں گے۔ وہ آج سہ پہر ہیتھرو ہوائی اڈے سے خاندان کے دو دیگر افراد کے ساتھ سوئس فلائٹ پر روانہ ہوئے۔ دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف بھی 9 جنوری کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس کے ساتھ موسمیاتی لچکدار پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس کی شریک میزبانی کے لیے جنیوا کا دورہ کریں گے۔ اس کانفرنس کا مقصد پاکستان کی سیلاب سے متاثرہ آبادی کے لیے بین الاقوامی مدد فراہم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے سپریمو اور ان کی صاحبزادی سیر و تفریح کے لیے جائیں گے اور دورے کے دوران ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے جن کے اتوار کو سوئس شہر پہنچنے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کے ہارٹ سرجن بھی جنیوا میں مقیم ہیں اور انہوں نے ان کے لیے شہر میں کلینیکل اپائنٹمنٹس کر رکھی ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ یہ وہی سرجن ہیں جو اکثر لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹ میں بڑے شریف سے ملنے جاتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے دونوں رہنما ایک ہفتے بعد لندن واپس جائیں گے۔ مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کل وقتی طور پر قیام کرنے کیلئے پاکستان پہنچیں گے۔ذرائع نے تصدیق کی ہےکہ مریم نواز سیاست پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے تقریباً دو ہفتوں میں پاکستان پہنچیں گی اور ان کے بیٹے جنید صفدر اپنی اہلیہ عائشہ سیف کے ساتھ دوحہ سے جمعہ کو پاکستان پہنچیں گے۔ ذرائع نے تصدیق کی کہ جوڑا کل وقتی پاکستان شفٹ ہو گا اور مریم نواز کے کام میں ان کی مدد کرے گا۔ نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ طے نہیں ہوئی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ چند ماہ میں ان کی پاکستان واپسی کی تیاریاں جاری ہیں۔