حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) انسداد رشوت ستانی کی خصوصی (صوبائی ) عدالت برائے حیدرآباد نے حیدرآباد سکھر موٹروے ایم 6کے منصوبے میں2 ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے میگا اسکینڈل میں نامزد صوبائی وزیر کے کوآرڈینیٹر،سندھ بینک کے منیجر اور ڈی سی آفس کے اکاؤنٹنٹ کی وکلا کے دلائل کے بعد ضمانت میں24جنوری تک توسیع کردی ہے اورنیب کی جانب سے کیس نیب کے حوالے کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیاہے، جمعرات کو صوبائی وزیر جمیل الزماں کے کوآرڈینیٹر اسلم پیرزادہ،سندھ بینک کے منیجر میر محمد سہاگ، ڈی سی آفس مٹیاری کے کوآرڈینیٹر جڑیل شاہ شاہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد تینوں ملزمان کی ضمانت میں 24جنوری تک توسیع کردی ہے ، عدالت میں نیب کی جانب سے 26دسمبر 2022کو کیس نیب کو منتقل کرنے کی درخواست پر نیب کے وکیل اور اینٹی کرپشن کے وکلا نے دلائل دیئے جس میں اینٹی کرپشن کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ موٹروے منصوبے میں کرپشن کیس کی تفتیش میں اینٹی کرپشن نے کافی پیش رفت کی ہے تاہم تفتیش ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے، لہذا کیس نیب کو ٹرانسفر نہ کیاجائے ۔عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوط کرلیا ہے۔