• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، PTI پرویز الٰہی کیلئے اعتماد کے ووٹ سے پیچھے ہٹنے لگی

لاہور (ایجنسیاں، جنگ نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اب عدالت نے کہا تو ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے پھر اسمبلی توڑ دیں گے، سازشی ٹولہ اسلام آباد کے بعد کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں تحریک انصاف کی سینئر پارٹی قیادت کے علاوہ اسپیکر سبطین خان، صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، ہاشم ڈوگر اور راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، سردار حسنین بہادر دریشک اور خیال کاسترو سمیت ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں پرویز الٰہی کیلئے اعتماد کے ووٹ سے پیچھے ہٹنے لگی۔ قانونی ماہرین نے عمران خان کو اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط کرنے کا مشورہ دیدیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران پنجاب کی سیاسی صورتحال خاص طور پر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے اعتماد کے ووٹ پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سینئر قیادت کو اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کی ہدایت کی۔عمران خان نے وزرا کو اراکان پنجاب اسمبلی کیساتھ رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے، سازشی ٹولہ اسلام آباد کے بعد کراچی کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگنے کی کوشش کر رہا ہے، انہیں معلوم ہے کہ عوام نے انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے بعد ہم الیکشن کیلئے عوام کے پاس جائینگے، ملک کے مسائل کا حل نئے الیکشن اور عوامی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت ہی دے سکتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید