کراچی(اسٹاف رپورٹر) M 6حیدرآباد سکھر موٹروے کو جلد مکمل کرنے کے لئے سندھ حکومت نے حیدرآباد شہید بینظیر آباد اور سکھر میں لینڈ اکیوزیشن آفیسر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت M6 موٹروے کے متعلق اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بقا اللہ انڑ، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری جنگلات ڈاکٹر بدر جمیل میندھرو، کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن، حکام این ایچ اے اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے شرکت کی۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ ایم 6 موٹروے ایک اہم منصوبہ ہے اور اس کے لئے حیدرآباد اور شہید بینظیر آباد میں زمین کے حصول کو ترجیح بنیادوں پر مکمل کیا جائیگا، انہوںنے حکام این ایچ اے کو ہدایت کی کہ M6 منصوبے کو تیز رفتار سے مکمل کیا جائے، اجلاس میں M6 موٹروے کے لئے لینڈ اکیوزیشن آفیسر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔