لاہور(ٹی وی رپورٹ)چوہدری پرویز الٰہی کے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا۔ فواد چوہدری نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ʼمبارک پنجاب! مبارک تحریک انصاف! مبارک قائد لیگ۔اسد عمر نے بھی سوشل میڈیا پر لکھا کہ ʼ الحمد للہ 186، پاکستان زندہ باد۔شاہ محمود قریشی کا کہناتھاکہ پی ڈی ایم حکومت ناکام ہوچکی ہے ‘شفاف الیکشن ہواتو عمران بھاری مینڈیٹ سے جیتیں گے ۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن ) نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے تسلیم نہ کرنے کا اعلان کردیااورکہاہے کہ اسپیکر نے اسمبلی رولز کو بلڈوزکیا ‘عدالت جانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔پنجاب اسمبلی کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اسپیکر نے کہا بدھ کو اعتماد کا ووٹ نہیں لیا جائے گا‘پنجاب اسمبلی اجلاس کی کارروائی آئین کے خلاف ہے جسے ہم تسلیم نہیں کرتے‘کارروائی میں جھوٹ بولا گیا، رات 12 بجے کے بعد دوسرا ایجنڈا جاری کیا گیا‘ انہوں نے الیکشن کے تقاضے پورے نہیں کیے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرویز الٰہی نے ناراض ارکان کو حلف دیا کہ وہ اسمبلی نہیں توڑیں گے‘یہ جو بھی نمبر بتائیں گے اسے کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔اس موقع پر ملک احمد خان نے کہا کہ ان لوگوں نے پنجاب اسمبلی رولز کو بلڈوز کیا اسپیکر نے میرے نکتہ اعتراض کو مسترد کیا ، ان کے پاس مطلوبہ تعداد ہوتی تو یہ ایسا نہ کرتے، یہ پنجاب اسمبلی کی تاریخ کا بد ترین واقعہ ہے ۔عطا تارڑ نے کہا کہ پولنگ ایجنٹ مقرر نہ کیا جانا بدنیتی ہے ،دھاندلی کرنے کیلئے پولنگ ایجنٹ مقرر نہیں کیے گئے ،عدالتی کارروائی میں ثابت کرینگے کہ ان کے پاس 186 ارکان نہیں تھے ۔