کامونکی(نامہ نگار)کامونکی میں حساس ادارے کے حاضر ڈیوٹی ملازم کو اسکے ساتھی اہلکار نے درانتی سے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔پولیس نے گلا کٹی نعش گندم کے کھیتوں سے برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق ملزم بشارت علی نے انکشاف کیا کہ مقتول اسے جنسی ہراساں کرتا تھا جس کی وجہ سے 9روز قبل بہانے سے اسے اپنے گاؤں بلاکر ذبح کرنے کے بعد نعش کھیتوں میں دبا دی تھی۔تیمر گرہ کے علاقہ سرائی بالا ولی کا رہائشی 35سالہ رفیق ولی خان جوحساس ادارے کا اہلکار اور اوکاڑہ میں فرائض انجام دے رہا تھا، 3جنوری کو ساتھی اہلکار بشارت علی کو کامونکی کے نواحی گاؤں گلگٹی میں ملنے آیا جس کے بعد واپس گھراور نہ ہی ڈیوٹی پر پہنچا۔گزشتہ روز رفیق ولی خان کے بھائی احسان ولی خان نے اسکے اغوا کا مقدمہ تھانہ واہنڈو میں درج کروایا۔ پولیس نے شک پر رفیق کے ساتھی اہلکار بشارت علی کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو اس نے رفیق ولی خان کو قتل کرکے نعش کھیتوں میں دبا دینے کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردی۔