اسلام آباد (جمیلہ اچکزئی) مقبوضہ کشمیر میں 22 اپریل کو سیاحوں کو نشانہ بنانے والے مہلک فائرنگ کے حملے کے بعد پاکستان اور بھارت میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان، روس اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو پاکستان سفر کرنے سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں روسی سفارتخانے نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر روسی زبان میں ایک پیغام پوسٹ کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو پاکستان کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی اور اس کی وجہ علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو قرار دیا۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان-بھارت تعلقات میں کشیدگی کے ایک نئے دور اور متعدد حکام کی جنگجوانہ بیان بازی کے درمیان، ہم روسی شہریوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ صورتحال کے مستحکم ہونے تک عارضی طور پر پاکستان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔