کراچی (این این آئی) عوام پاکستان پارٹی کے مرکزی کنوینیر و سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی اور مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے مالی و انتظامی بحران پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جانب اساتذہ اور ریٹائرڈ ملازمین پنشن، تنخواہوں، ہاوس سیلنگ اور طبی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق یونیورسٹی کے پاس 67کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم پنشن فنڈز میں موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پرگہری تشویش کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں 8 سے زائد ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین انتقال کرچکے اور ان کے لواحقین واجبات کے حصول کے لیے پریشان ہیں جبکہ متعدد ریٹائرڈ ملازمین کو طبی سہولتوں کی اشد ضرورت ہے۔ جامعہ اردو کے ایک وفد جس میں پرفیسر ڈاکٹر توصیف احمد خان ،پروفیسر مسعود احمد اور پروفیسر اصغر علی شامل تھے ،نے گذشتہ روز ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی رہائش گاہ پر شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کے موقع پر وفاقی اردو یونیورسٹی کے حالات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں کے باوجود ان فنڈز سے ادائیگیاں نہ کرنا سنگین غفلت، بے حسی اور قانون شکنی ہے۔ شاہد خاقان عباسی اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے زور دیا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی جیسے قومی تعلیمی ادارے میں حکومت کی جانب سے مالی اور انتظامی بحران کی سرپرستی نہیں ہونی چاہیے۔ اساتذہ کے معاشی استحصال کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔