لاہور ( آن لائن ) وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں سال کی پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر پوری تندہی سے اس وباء کا مقابلہ کر کے اس کو ہمیشہ کے لئے دفن کریں گی ، نواز شریف کے زمانے میں پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہو چکا تھا ، اس مرض کے خاتمے کی مہم میں اپنی جانوں کے نذرانے دینے والوں کو تاریخ ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد کرے گی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بچوں کو پولیو کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا جبکہ بچوں کو تحائف بھی دئیے گئے ۔وزیر اعظم نے اس موقع پر پولیو ورکرز میں گراں قدر خدمات پر اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ حالیہ سیلاب میں پولیو کی مہم میں خلل آیا ہے لیکن پولیو ورکرز نے کٹھن مرحلے میں اپنا کام بڑی محنت اور بڑی کمٹمنٹ کے ساتھ جاری رکھا ۔ بد قسمتی سے پاکستان ابھی بھی دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں پر پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،چند سال پہلے نواز شریف کے زمانے میں پاکستان میں پولیو کا مکمل خاتمہ ہو چکا تھا ۔ اب گزشتہ چند ماہ میں وزیرستان سے 20 کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں،خدا کا شکر ہے کہ یہ وباء پھیلی نہیں اور اسے وہیں تک محدود کرلیا گیا ۔