کوئٹہ (نمائندہ جنگ)ریکوڈک معاہدے پر فریقین کی جانب سے دستخط ہونے اور منصوبے پر باقاعدہ کام کے آغاز پر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ایک سادہ اور پروقار رسمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، بلو چستان کو ابتدأ میں30لاکھ ڈالرز ملیں گے،رقم اسی ماہ حکومت بلوچستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہو جائیگی، بلوچستان کو رائلٹی کی مد میں رقم کی ادائیگی کا آغاز بھی مارچ سےکر دیا جائیگا ، کمپنی علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے بھی کام کریگی،وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بیرک گولڈ کے چیف ایگزیکٹو مسٹر مارک بریسٹو قائم مقام اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل اپوزیشن لیڈر ملک سکندر ایڈوکیٹ صوبائی وزراء سینٹر منظور خان کا کڑ پارلیمانی لیڈر اور حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی کے علاوہ ریکو ڈک منصوبے پر کام کرنے والے ماہرین کی ٹیم اور صوبائی حکام نے تقریب میں شرکت کی تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد ریکو ڈک منصوبے میں بلوچستان کے عوام کی اونر شپ اور شراکت داری کو اجاگر کرنا تھا ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ اور مسٹر مارک بریسٹو نے تنجیل معاہدے کے کو ر شیڈ کی مد میں بلوچستان کو کمپنی کی جانب سے 3ملین ڈالر کی ادائیگی کی دستاویزات پر دستخط کیے۔ یہ رقم اس ما ہ بلوچستان حکومت کو منتقل کر دی جائے گی۔ جبکہ معاہدے کے تحت کمپنی کی جانب سے بلوچستان کو رائلٹی کی مد میں رقم کی ادائیگی کا بھی اس سال مارچ سے آغاز کر دیا جائیگا۔ اس کیساتھ ساتھ کمپنی علاقے کی سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کریگی۔