پشاور( جنگ نیوز )خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی اورترچ میر بیک پیکرزکلب پاکستان کے تعاون سے یوم چترال کی مناسبت سے موسیقی محفل کا انعقاد کیاگیا جس میں شان چترال ایوارڈکی تقریب بھی منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی رابعہ بصری مہمان خصوصی تھی ۔ محفل موسیقی میں چترال سے تعلق رکھنے والے گلوکار محسن علی اور دیگر نے پرفارم کیا۔ اس موقع پر ضلع چترال سے تعلق رکھنے والے مردو خواتین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد سمیت مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے ۔محکمہ کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے تعاون سے یوم چترال کی مناسبت سے منعقدہ فیسٹیول میں کھیلوں کے مقابلوں سمیت مختلف ثقافتی سٹالز بھی سجائے گئے تھے جس کا مقصد چترال کی ثقافت کی رونمائی اور لوگوں میں شعور اجاگر کرنا تھا۔ تقریب کی مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی رابعہ بصری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چترال کے شہری ایک مہذب اور امن پسند ہیں ۔ اس طرح کی تقریب کے انعقاد سے وہاں کی ثقافت کی بہترین عکاسی کرنے کا موقع ملتا ہے اور ایسی سرگر میوں کا انعقاد لوگوںکو یکجا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے ۔ محفل موسیقی کے انعقاد سے شہری خوب محظوظ ہوئے ۔تقریب میں چترال میں تعلیم ، اردولیٹریچر، صحافت، سوشل ورک اور دیگر شعبوں میں خدمات سرانجام دینے پر ہدایت اللہ، زبیدہ سیرنگ، ڈاکٹر عنایت، افسر علی، اعجاز احمد،رحمت علی، سیف الرحمان ظفراللہ اور دیگر میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے ۔ جبکہ فیسٹیول کے دوران منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں میں فاتح جن میں بیڈمنٹن میں شریف اللہ، ٹیبل ٹینس میں حماد، سروت، چیئر گیم میں روز، فٹبال میں تحصیل مستوج ، نعت کے مقابلوں میں عطاء اللہ نے پہلی، احمد حسین نے دوسری جبکہ عزیزہ قمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔