کراچی، پشاور(نیوز ایجنسیاں، اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا، پیپلز پارٹی نے جماعت اسلامی کا مینڈیٹ چوری کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ کےبلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور ملک میں مہنگائی کیخلاف پشاور میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،امیر جماعت کی اپیل پر بلدیاتی انتخابات کیخلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا ، کراچی میں ڈی سی آفس ویسٹ کے باہر ہزاروں کارکنوں کا دھرنا اور احتجاجی مظاہرہ ، حیدرآباد ، ٹھٹھہ سے لیکر کشمور تک سندھ کے کئی اضلاع، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے کئی اضلاع، خیبرپختونخوا میں مردان اور نوشہرہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ، نیشنل پر یس کلب اسلام آباد کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا ہے ،پیپلز پارٹی مینڈیٹ چوری کرکے جشن منارہی ہے ، دھاندلی کے ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر ہیں ،انہیں خود شہر آنا چاہئے تھااور اپنی غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی ، ضرورت پڑی تو شہر کی بڑی شاہراہیں بند کردیں گے ، چھینی گئی سیٹوں کی واپسی تک پی پی سے کوئی بات نہیں ہوگی ، قبل ازیں پشاور میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ کراچی انتخابات میں بعض سیٹوں پر دھاندلی کے مکمل ثبوت موجود ہیں، جماعت اسلامی کا راستہ روکنے کی سازش کی گئی، پیپلزپارٹی نے عوامی مینڈیٹ چرایا، جماعت اسلامی ہی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی ہے، صوبے کی حکمران جماعت جب تک اس حقیقت کو تسلیم نہیں کرتی، ہمارا عوامی مینڈیٹ واپس نہیں ملتا، پیپلزپارٹی سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو گی، دیگر تمام جماعتوں اور آزاد امیدواروں سے مذاکرات کے تمام آپشن کھلے ہیں، جماعت اسلامی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے، امید ہے پیپلزپارٹی جماعت اسلامی کا مینڈیٹ قبول کرے گی، انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں سے ملنے والے فارمز پر جماعت اسلامی کے امیدوار کامیاب ہوئے مگر بعد میں الیکشن نتائج میں ردوبدل کیا گیا۔