اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے مودی کو سنجیدہ مذاکرات کی مشروط پیشکش کی ہے، مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدام کی واپسی تک انڈیا سے مذاکرات ممکن نہیں ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے العربیہ ٹی وی چینل کو انٹرویو کے حوالے سے وزیر اعظم آفس کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ وزیر اعظم نے تسلسل سے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے دوطرفہ مسائل بالخصوص جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے تاہم وزیر اعظم نے بارہا ریکارڈ پر کہا ہے کہ بات چیت اس وقت تک نہیں ہوسکتی ہے جب تک بھارت 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اقدام کو واپس نہیں لے لیتا، اس غیر قانونی اقدام کو منسوخ کئے بغیر بھارت کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں۔