کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں ثقافت کے نام پر 35لاکھ موٹرسائیکل سواروں سے اجرک والی نئی نمبر پلیٹ کے اجراء کے لیے فی کس1850روپے وصول کررہی ہے۔ حکومت سندھ موٹر سائیکل سواروں سے صرف نئی اجرک نمبر پلیٹ کے نام پر 6 ارب 45 کروڑ روپے وصول کررہی ہے،پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی متعصبانہ پالیسیاں صوبے کی تقسیم کا سبب بن سکتی ہیں۔ہم صوبے کی تقسیم نہیں چاہتے ہیں بھٹو دور حکومت میں ممتاز بھٹو بےسندھ میں شہری اوردیہی بنیاد ڈالی۔ ہم اب بھی بھائی چارگی کی پالیسی پر گامزن ہیں۔اگر سندھ حکومت نے اجرک ٹیکس کے نام پر وصول کیے گئے بے جا پیسے کراچی کے شہریوں کو واپس نہ کیے اور اپنی مذکورہ پالیسی کو تبدیل نہیں کیا تو تو اسے بھرپور عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔کراچی لاوارث نہیں ہے۔حکومت نمبر پلیٹ کی تبدیلی حتمی تاریخ 15اگست دی ہے۔ یہ سوالیہ نشان ہے ۔ہم 14اگست کو جشن آزادی بھرپور طریقے سے منائیں گے۔بعدازاں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف کراچی کے شہریوں سے کی گئی زیادتیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کریں گے. ایک سوال کے جواب میں آ فاق احمد نے کہاکہ الطاف حسین سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ان سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ ہے لیکن وہ بیمار ہیں تو بحیثیت مسلمان ان کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں ۔یہ بات انھوں نے ہفتے کو سمن آباد میں مہاجر قومی موومنٹ ضلع وسطی کے نئےدفتر میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔آفاق احمد نے مزید کہا کہ یہ مہاجر قومی موومنٹ کراچی ڈویژن کا آفس ہے۔