واشنگٹن / ہیوسٹن (جنگ نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس کے وسطی علاقے میں 4جولائی 2025کو آنیوالے شدید فلیش فلڈ نے ایک مقامی گرلز کیمپ “کیمپ میسٹک” کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں درجنوں نوعمر لڑکیاں، نوجوان کونسلرز اور اسٹاف ارکان ہلاک یا لاپتہ ہو گئے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک فیچر اسٹوری کے مطابق ایک کونسلر نے بتایا کہ ہمارے پاس ایک ہمارے پاس ایک ہیڈلیمپ تھا، اور 16 چھوٹی لڑکیاں، ہم اندھیرے میں ہاتھ تھامے پانی میں چلتے رہے۔ ہم صرف دعائیں کرتے رہے۔"یہ سمر کیمپ جودریائے گوادالوپ کے کنارے واقع ہے، طویل عرصے سے نوجوان لڑکیوں کے لیے روحانی، سماجی اور فزیکل تربیت کا مرکز رہا ہے۔ تاہم، جب جمعرات کی شب شدید بارشوں کے بعد ندی نے طغیانی کی صورت اختیار کی، تو کیمپ کے درجنوں کیبن، خیمے اور کھیل کے میدان منٹوں میں پانی کی زد میں آ گئے۔عینی شاہدین اور زندہ بچ جانے والوں کے مطابق، نوجوان خاتون کونسلرز نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر 6 سے 12 سالہ لڑکیوں کو پانی سے بچانے کی کوشش کی۔ کئی کونسلرز نے بچوں کے ہاتھوں پر مارکر سے ان کے نام اور ایمرجنسی نمبر لکھ دیے تاکہ اگر وہ بہہ جائیں تو شناخت ممکن ہو سکے۔