• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ نعیم انگلی نہ اٹھائیں، دوسروں کے ہاتھ میں پتھر ہو سکتے ہیں، نثار کھوڑو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم دوسروں پر انگلی نہ اٹھائیں، دوسروں کے ہاتھ میں پتھر ہو سکتے ہیں، اکثریت کو تسلیم کرو مگر دھونس دھاندلی برداشت نہیں ہوگی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا کہ جب پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کی غیر مشروط حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے تو جماعت اسلامی کو پی ٹی آئی سے اتحاد کرنے سے کوئی نہیں روک رہا۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی بات چیت پر تیار مگر جماعت اسلامی کے رویے کو غیر جمہوری سمجھتے ہیں، حافظ نعیم جو باتیں کر رہے تھے یہ نہیں کرنی چاہیے تھیں، جس کو اکثریت حاصل ہے اس کو قبول کیوں نہیں کررہے ہیں، اگر دھاندلی کروانی ہوتی تو یہ نتائج نہیں آتے جو آئے ہیں۔

پی پی پی رہنما نے کہا کہ عوام کو حق ہے کہ وہ جس کو چاہیں ووٹ دیں، بلدیاتی انتخابات میں کسی کو سادہ اکثریت حاصل نہیں، پیپلز پارٹی کی زیادہ سیٹیں ہیں، دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی ہے، دھاندلی کروانی ہوتی تو سعید غنی اپنے بھائی کو جتوا دیتے۔

  نثار کھوڑو نے کہا کہ حافظ نعیم اپنا منصورہ والا ہیڈکوارٹر نہیں جیت سکتے، حافظ نعیم کا یہ کہنا کہ سو سال میں بھی پیپلز پارٹی کراچی سے نہیں جیت سکتی، یہ جمہوری بات نہیں کی، پہلے کہتے تھے پیپلز پارٹی الیکشن سے بھاگ رہی ہے، اگر ہم سبقت لے رہے ہیں تو ان کو اعتراض ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2001 میں دس دن بعد الیکشن نتائج آئے تھے اس وقت انہوں نے کیا اعتراض کیا تھا، میں دس دن تک کی کیا بات کروں، 2001 میں جماعت اسلامی کے نعمت اللّٰہ ناظم بن گئے تھے، بعد میں 17ویں ترمیم میں انہوں نے حمایت کی، مشرف عوام کواس قابل نہیں سمجھتا تھا کہ انہیں حق دیں۔

نثار کھوڑو نے یہ بھی کہا کہ میئر کا انتخاب سیکریٹ ووٹنگ سے ہوگا، مخصوص نشستوں کے بعد صورتحال واضح ہوگی کہ کس جماعت کی کتنی اکثریت ہے، میئر کے امیدوار سے متعلق مخصوص نشتیں پوری ہونے کے بعد فیصلہ کریں گے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ  کبھی بارش کبھی نفری پوری نہ ہونے کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوئے، اس بار الیکشن کمیشن نے ہماری بات نہیں مانی اور بالآخر الیکشن ہو گیا، جب سے رزلٹ آئے ہیں عجیب عجیب باتیب سن رہے ہیں، جو عوام نے فیصلہ دیا ہم ویلکم کرتے ہیں، حیدرآباد ڈویژن شہر سمیت ہم نے کلین سوئپ کیا ہے، حافظ نعیم کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، یہ کیسے کہہ سکتے ہو کہ ہم جیت کر بھی اپنی شکست تسلیم کریں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ  پیپلز پارٹی کے امیدوار نے ملیر میں عمران خان کو شکست دی، ایم کیو ایم والے پہلے اکٹھے ہوتے تو بلدیاتی انتخابات کیلئے بہتر وقت ملتا۔

قومی خبریں سے مزید