اسلام آباد(فاروق اقدس )اسلام آبادمیں مصدقہ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ آئی ایم ایف کا اعلی سطح جائزہ وفد رواں ماہ کے آخری ہفتے میں ہی پاکستان کے اہم دورے پر اسلام آباد پہنچ رہا ہے جس دوران اسلام آباد میں وہ اپنی اہم ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے ساتھ فیصلہ کن اور فوری نتائج کے حامل مذاکرات کرے گا جائزہ مشن کایہ وفد وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے آی ایم ایف کے اعلی حکام سے ٹیلیفونک اور تحریری رابطوں میں طویل تبادلہ خیال اور درخواست کے بعد اب پاکستان کے دورے پر آ رہا ہے یاد رہے رواں ماہ کے آغاز پر ملک کی معاشی صورتحال اور عوام کو درپیش مہنگائی کی صورتحال کے باعث روز افزوں بڑھتی ہوئی مشکلات کے پیش نظر وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں ہونے والے ایک ورچوئل اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ موجودہ حکومت کو جس بحرانی حالات کا شکار ملکی معیشت دی گئی تھی اور سابقہ حکومت جو اپنی حکومت کے یقینی خاتمے کے پیش نظر نئی حکومت کو دیوالیہ کی دہلیز پر لے آی تھی اس کے اثرات کے پیش نظر آی ایم ایف پروگرام کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں جس کے بعد اس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے کی جانے والی پیش رفت کے نتیجے میں اب آی ایم ایف کے جائزہ مشن اسی ماہ پاکستان کے دورے پر آرہا ہے ۔