• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں نئے چینی سال کی تقریب میں فائرنگ، 10 افراد ہلاک

مونٹری پارک (اے ایف پی، مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ایشیائی آبادی والے علاقے میں فائرنگ ، 10افراد ہلاک اور اتنے ہی زخمی ہوگئے ، پولیس نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی ہے، ملزم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال فرار ہے، وائٹ ہائوس نے بتایا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کو واقعے کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے جنہوں نے ایف بی آئی کو حملے کی تفتیش کا حکم دیدیا ہے، پولیس کے مطابق لاس اینجلس میں مونٹری پارک کے علاقے میں نئے چینی قمری سال کے جشن کے موقع پرڈانس کلپ پر ایک مسلح شخص نے فائرنگ شروع کردی ، عینی شاہدین کے مطابق ملزم ایک نیم خودمختار بندوق سے اندھا دھند فائرنگ کررہا تھا ،لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف کے محکمے سے جاری بیان کے مطابق لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف کے قتل عام کے تفتیش کار فائرنگ سے ہلاکت کے معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں جہاں اس فائرنگ کے نتیجے میں10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق رات 10 بجے پیش آنے والے اس فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے، لاس اینجلس کاؤنٹی شیرف ڈپارٹمنٹ کے کیپٹن اینڈریو میئرز نے بتایا کہ ہمیں رات 10 بجکر 20 منٹ پر فائرنگ کی اطلاع ملی اور جب ہم وہاں پہنچے تو جائے وقوع سے لوگ بڑی تعداد میں باہر نکل رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ مونٹیری پارک کے پولیس فائر ڈپارٹمنٹ نے موقع پر پہنچ کر 10 لوگوں کو مردہ قرار دیا جبکہ مزید 10 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
اہم خبریں سے مزید