پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے پھندو روڈ اوردیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کم وزن روٹی فروخت کرنے، دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کرنے، گرانفروشی اور صفائی ناقص صورتحال پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر سارہ زینب اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنید شاہ نے پھندو روڈ اور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران نانبائیوں کی دکانوں میں روٹی کے وزن کا بھی معائنہ کیا گیا۔کم وزن روٹی فروخت کرنے، گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی اور صفائی ناقص صورتحال پر 28 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، قصاب، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان، بیکری وسویٹس شاپس مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا ہے اور گرانفروشی پر قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے