لاہور( ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پلان اے اور بی کی ناکامی کے بعد میرے قتل کیلئے پلان سی بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہے‘ آصف علی زرداری نے مجھے راستے سے ہٹانے کے لئے دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دیا ہے جس میں طاقتورایجنسی کے لوگ سہولت کار ہیں ، میں نے جو پہلے چار نام دئیے تھے اس میں اب آصف زرداری کا نام بھی شامل ہو گیا ہے ، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے‘میں نے تو باہر نکلنا ہے ، مجھے کچھ ہوا تو ساری قوم کو پتہ ہونا چاہیے کون لوگ تھے جنہوںنے یہ کروایا ،میری قوم ان کو معاف نہ کرے تاکہ یہ زندگی کو انجوائے نہ کر سکیں ‘رجیم چینج والوں نے سبق نہیں سیکھا ‘ہونا تو یہ چاہیے تھاکہ آپ جلدی سمجھتے کہ غلطی ہو گئی مگریہ اپنی اصلاح کی بجائے ملک کو مزیددلدل میں دھکیل رہے ہیں‘جو طاقتور بیٹھے ہوئے ہیں وہ پاکستان کو کدھر لے کر جارہے ہیں، جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ،ملک کو ایک فاشزم کی طرف لے کر جارہے ہیں، خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے ‘کیا قوم کو اتنا بیوقوف سمجھا ہوا ہے کہ بد ترین مخالفت کو نیوٹرل کہیں‘اس وقت ساری قوم کی امیدوں کا مرکز اعلیٰ عدلیہ ہے ،آپ آئین اور ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کریں ، سات سے آٹھ ماہ میں بہت سے لوگ بے نقاب ہوئے ہیں ،عوام سے کہتا ہوں آپ حقیقی آزادی کی حتمی جنگ کیلئے تیار رہیں‘جب تک زندہ ہوں ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا اور آخری گیند اور آخری سانس تک ان سے لڑوں گا ،ملک معاشی طور پر جس نہج پر پہنچ گیا ہے کہ اب قومی سلامتی کو خطرات لا حق ہو گئے ہیں ، جو ہمیں بیل آئوٹ کریں گے وہ قیمت مانگیں گے ، سری لنکا کو کہہ دیا گیا ہے کہ اپنی پچاس فیصد فوج کم کرو ، مصر سے کہا گیا ہے کہ اپنی فوج کے اخراجات کم کرو۔ جمعہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آج معاشی ماہرین سے پوچھ لیں ، باہر مضمون لکھے جارہے ہیں جس میں پاکستان کی خوفناک اورخطرناک تصویر کشی کی جارہی ہے ۔ان کی چوری کے اثرات عام عوام پر پڑ رہے ہیں۔آج جو حالات ہیں اس کے بہت دور رس نتائج ہوں گے، رجیم چینج کے بعد اثرات اب آنے والے ہیں‘ عوام کے منہ بند کرنے کے لئے ساری حرکتیں ہو رہی ہیں ۔