• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ طاس معاہدے پر بھارتی میڈیا کی رپورٹس گمراہ کن ہیں، اٹارنی جنرل

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، جنگ نیوز)اٹارنی جنرل آفس نے سندھ طاس معاہد ہ میں یکطرفہ ترمیم کی بھارتی کوششوں سے متعلق بھارتی میڈیا میں شائع خبروں کانوٹس لیتے ہوئے انہیں گمراہ کن کہانیاں قرار دیاہے ، اٹارنی جنرل آفس کے ذرائع کے مطابق ایسی کہانیاں گمراہ کن ہیں،معاہدے میں یکطرفہ طور پر کوئی ترمیم نہیں کی جاسکتی ، یہ سندھ طاس معاہدے کے تحت ثالثی کی مستقل عدالت میں جاری کارروائی سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوشش ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کی رپورٹس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ثالثی عدالت کشن گنگا اور رتلے ہائیڈروپراجیکٹس کے معاملے پر پہلی سماعت کررہی ہے، عالمی ثالثی عدالت سندھ طاس معاہدے کے متعلقہ قوانین کے تحت ہی قائم کی گئی ہے، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی حالیہ رپورٹس سے عالمی عدالت کی اہم کارروائی سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔ اٹارنی جنرل آفس کے مطابق سندھ طاس معاہدے کے تحت تنازع کی پہلی سماعت جمعہ کے روز ہالینڈ کے شہردی ہیگ میں قائم ثالثی کی مستقل عدالت میں شروع ہوئی ہے ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل احمد عرفان اسلم کی قیادت میں پاکستانی وفد سیکرٹری آبی وسائل حسن ناصر جامی، پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ پر مشتمل ہے ۔جبکہ پاکستان کی نمائندگی برطانیہ کے ایک بیرسٹر ڈینیئل بیت لحم کے سی بھی کر رہے ہیں ،یہ تنازع پاکستان کی جانب سے دریائے جہلم پر 330میگاواٹ کیکشن گنگاہائیڈروالیکٹرک پراجیکٹ کی تعمیر اور مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر 850 میگاواٹ کے رتلے ہائیڈرو الیکٹرک پراجیکٹ کی تعمیر پر اٹھائے گئے خدشات سے متعلق ہے۔

اہم خبریں سے مزید