لاہور (نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نےنگران حکومت کی جانب سے برطرف ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو بحال کردیا، عدالت نے برطرفی کا حکم معطل کرتے ہوئے 30جنوری کوحکومت پنجاب سے جواب طلب کرلیا، درخواست گزار کے وکلاءنے موقف اختیار کیا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل کی برطرفی نگران حکومت کا اختیار نہیں،نگران حکومت کا کام صرف روزانہ کے معمولات نمٹانا ہے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو سیاسی بنیاد پر عہدے سے ہٹایا گیا،اعلی عدلیہ کے فیصلے موجود ہیں کہ نگران دور میں لاء افسران کو کام سے نہیں روکا جا سکتا،،عدالت ایڈووکیٹ جنرل کی برطرف کانوٹیفکیشن کالعدم قرار دے،سرکاری وکیل نے بتایا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا پرنسپل لاء آفیسر ہوتا ہے،جو وزیر اعلیٰ کی خوشنودی تک ہی عہدے پر رہنے کا استحقاق رکھتا ہے،استدعا ہے کہ عدالت درخواست غیر موثر قرار دیتے ہوئے مسترد کرے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد اویس نےکہا ملکی عدلیہ آئین کی محافظ ہے،عدالت نے آج انصاف کا علم بلند کیااور آئین سے انحراف کو تسلیم نہیں کیا۔